وفاقی حکومت نے صنعتی شعبے کے لیے بڑے ریلیف پیکیج کی منظوری دیتے ہوئے مینوفیکچرنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو ایمنسٹی دینے کا فیصلہ کرلیا جس کے بعد صرف 5 فیصد رعایتی ٹیکس لاگو ہوگا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے بذریعہ سرکولیشن منظوری دیدی۔ تین نکاتی ایمنسٹی اسکیم کے تحت سرمایہ کاری کرنے والوں سے 24 فیصد کے بجائے صرف پانچ فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا اور آمدن کا ذریعہ بھی نہیں پوچھا جائے گا۔خصوصی اقتصادی زونز، ایکسپورٹ پراسسنگ زونز اور اسپیشل ٹیکنالوجی زونز کے بعد اب صنعتی شعبے کو بھی پروموشن پلان فار انڈسٹری کے ذریعے خصوصی مراعات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
