فیڈرل بیورو آف ریونیو( ایف بی آر)نے اسلام آباد، کراچی، لاہور، راولپنڈی، حیدرآباد، رحیم یار خان، سرگودھا، گوادر، لاڑکانہ سمیت 40 شہروں میں واقع کمرشل، رہائشی اپارٹمنٹس اور دیگر پراپرٹیوں کی قیمتیں بڑھا دیں۔ ایف بی آر کے مطابق قیمت بڑھانے کا مقصد رئیل اسٹیٹ سیکٹر سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کرنا ہے۔ایف بی آر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کراچی میں ہر اضافی اسٹوری پر 25 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے، اسلام آباد کے سیکٹر ای سیون میں زمین کی قیمت ڈھائی لاکھ روپے فی مربع گز جبکہ سیکٹر ایف سکس میں زمین کی قیمت 2 لاکھ روپے فی مربع گز مقرر کی گئی ہے۔اس کے علاوہ سیکٹر ایف سیون میں زمین کی قیمت ساڑھے 3 لاکھ فی مربع گز جبکہ ای الیون میں زمین کی قیمت ایک لاکھ 10 ہزار روپے فی مربع گز مقرر کی گئی ہے۔ اس سے قبل ایف بی آر نے 20 شہروں کی غیر منقولہ جائیدادوں کی قیمتیں مقرر کر رکھی تھیں۔
