وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی پیک امور خالد منصور نے کہا کہ پاکستان نے نیشنل ڈیولپمنٹ اینڈ ریفارمز کمیشن آف چائنا (این ڈی آر سی) نائب چیئرمین کو دو الگ الگ خطوط لکھے ہیں جن میں ان منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی درخواست کی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ان منصوبوں میں 6 کا تعلق توانائی اور ایک کا انفرااسٹرکچر ہے۔ انفراسٹرکچر سے متعلق منصوبہ پاکستان ریلوے کی مین لائن ون اسکیم ہے۔ توانائی کے منصوبوں کی کم از کم تخمینی لاگت 5 ارب ڈالر اور ایم ایل ون اسکیم کی 6.8 ارب ڈالر ہے۔خالد منصور نے کہا کہ ہم نے چین سے کہا کہ ان متفقہ منصوبوں کو ڈیولپمنٹ اسٹیج پر لے جایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھی اپنی جانب سے ان منصوبوں کی راہ میں درپیش ہونے والی رکاوٹیں دور کرنے کی کوشش کررہا ہے جس میں چین کی مدد درکار ہوگی۔
